کنداپور ،22؍ فروری (ایس او نیوز) حجابی طالبات کو کالج کیمپس میں داخلہ کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے کنداپور سرکاری جونیئر کالج کے شعبہ کامرس سے تعلق رکھنے والی چار طالبات نے کالج گیٹ تک پہنچ کر انٹرنل مارکس کے لئے تیار کیے گئے اسائنمنٹس اپنے پروفیسر کے حوالہ کیے ۔
خیال رہے کہ 3 فروری سے کنداپور کالج میں بھی پرنسپال نے حجابی طالبات کو کالج احاطہ سے باہر بھی بھیجا تھا ۔ تب سے یہ طالبات کچھ دنوں تک روزانہ گیٹ تک آ کر واپس چلی جاتی رہیں ۔ اس کے بعد انہوں نے حجاب اتار کر کالج جانے کے بجائے گھر پر ہی رہ کر امتحان کی تیاری کرنے کو ترجیج دی ۔ اور پھر انہیں تفویض کیے گئے کام کو پورا کرکے گیٹ کے باہر سے ہی متعلقہ پروفیسروں کو اسائنمنٹس سونپ کر چلی گئیں ۔
پروفیسر اودئے کمار شیٹی نے بتایا :" کامرس شعبہ کے انٹرنل مارکس کے لئے سال میں دو مرتبہ اسائنمنٹ دئے جاتے ہیں ۔ اسی لئے کامرس شعبہ کی حجابی طالبات نے بھی اپنے اسائنمنٹس جمع کر رہی ہیں ۔ آج چار طالبات نے اسائنمنٹ جمع کروایا ہے ۔ کل بھی مزید طالبات آ سکتی ہیں ۔ دو دن قبل کچھ طالبات کے والدین نے بھی اپنے بچوں کے اسائنمنٹس جمع کروائے تھے ۔